۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
سیٹلائٹ مشن آئی کیوب قمر

حوزہ/ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن، آج پاکستانی وقت کے مطابق 2 بج کر 27 منٹ پر خلا میں بھیجا گیا ہے۔ چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ”آئی کیوب قمر“ چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے روانہ ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی نے پاکستانی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن، آج پاکستانی وقت کے مطابق 2 بج کر 27 منٹ پر خلا میں بھیجا گیا، چاند پر پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ مشن ”آئی کیوب قمر“ چین کے ہینان اسپیس لانچ سائٹ سے روانہ ہوا۔

ہینان سے مشن کی کی روانگی پر سپارکو میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، جہاں سپارکو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر تالیوں سے گونج اٹھا۔

انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی کے رکن کور کمیٹی ڈاکٹر خرم خورشید نے پاکستان کے نجی نیوز چینل جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا، سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی کیوب قمر کا ڈیزائن اور ڈیولپمنٹ چین اور سپارکو نے تیار کیا ہے، پاکستان کے پاس تحقیق کے لئے اپنی سیٹلائٹ سے لی جانے والی چاند کی تصاویر ہوں گی، یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، یہ مشن 53 دن پر مشتمل ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مشن میں چاند پر چکر لگانا، ٹیک آف کرنا اور واپس پہنچنا شامل ہے جب کہ یہ 2 کلو گرام تک کا مادہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔

جنرل منیجر آئی ایس ٹی سید ثمر عباس کا کہنا تھا کہ یہ تاریخ ساز مناظر ہیں، پاکستان کا پرچم چاند کے مدار میں پہنچنے والا ہے۔

سید ثمر عباس نے مزید کہا کہ چاند کا موسم، زمین اور مقناطیسی میدان سے متعلق اس مشن سے اہم معلومات ملیں گی۔

2022ء میں چینی نیشنل اسپیس ایجنسی نے ایشیا پیسیفک اسپیس کارپوریشن آرگنائزیشن (ایپسکو) کے ذریعے رکن ممالک کو چاند کے مدار تک مفت پہنچنے کا منفرد موقع فراہم کیا تھا۔

ایپسکو کی پیشکش پر رکن ممالک نے اپنے منصوبے بھیجے تھے، ایپسکو کے رکن ممالک میں پاکستان، بنگلا دیش، چین، ایران، پیرو، جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور ترکی شامل ہیں۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے انسٹیٹیوٹ آف اسپیس ٹیکنالوجی نے بھی مجوزہ منصوبہ جمع کرایا تھا، 8 ممالک میں سے صرف پاکستان کے منصوبے کو قبول کیا گیا، دو سال کی محنت کے بعد سیٹلائٹ ”آئی کیوب قمر“ کو مکمل کیا جاسکا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .